مکہ:
سعودی عرب میں اسکول کے باہر اپنی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے باپ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
Vسوشل میڈیا پر ایک دلخراش ویڈیو زیر گردش تھی جس میں ایک شخص کو اسکول کی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناکر گاڑی میں بٹھاتے اور گھر لے جاتے دیکھا جا رہا ہے جس پر صارفین نے پولیس سے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے سزا دلوانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مکہ سے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا، یہ شخص طالبہ کا والد ہے اور بچی کو اسکول سے گھر لے جانے کے لیے آیا تھا۔ مقدمہ درج کرکے شہری سے تفتیش کا عمل جاری ہے جب کہ سماجی بہبود کی وزارت کو متاثرہ بچی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
پولیس نے والد کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بچی کا بیان قلم بند کرنے اور اہل خانہ کی رضامندی کے بعد ہی شناخت ظاہر کی جا سکے گی اور باقاعدہ مقدمہ چلایا جاسکے گا۔