بخارسٹ:رومانیہ کے ساحل کے نزدیک ہزاروں بھیڑیں لے جانے والا بحری جہاز سمندر میں الٹ گیا جس کے نتیجے میں 15 ہزار بھیڑوں کا ڈوب کر ہلاک ہوجانے کا قوی امکان ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ سے بحری جہاز پر ہزاروں بھیڑیں لاد کر سعودی عرب بھیجا جارہا تھا، روانگی سے کچھ ہی دیر بعد جہاز بحیرہ اسود میں الٹ گیا۔ ریسکیو اداروں نے جہاز کے عملے کے 21 افراد اور صرف 32 بھیڑوں کو بحفاظت ساحل پر پہنچا پائے۔
ریسکیو کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے جس میں بحری جہاز سے کارگو اتارا جا رہا ہے۔ اس کے بعد بحری جہاز کو ساحل تک کھینچ کر لایا جائے گا۔ سیکڑوں بھیڑیں سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں تاہم اب بھی ہزاروں بھیڑیں جہاز میں موجود ہیں جن کے ہلاک ہوجانے کا قوی امکان ہے۔ بحری جہاز کے ساحل پر پہنچنے پر ہی ہلاک اور زندہ بچ جانے والی بھیڑوں کی اصل تعداد معلوم ہوسکے گی۔
جانوروں کے حقوق کی عالمی تنظیم اینیمل انٹرنیشنل نے ریسکیو آپریشن کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کی ہیں، جن میں مردہ بھیڑوں کو اُلٹے پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تنظیم نے جانوروں کی بحری جہاز سے نقل وحرکت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ رومانیہ بھیڑیں بر آمد کرنے میں یورپی یونین کا سرفہرست ملک ہے۔ یہاں سے زیادہ تر بھیڑیں مشرق وسطیٰ بھیجی جاتی ہیں۔ رومانیہ کو اس سے قبل بھی جانوروں کی بحری نقل و حمل کی ناقص انتظامات پر خبردار کیا جا چکا ہے۔