ماں جہاں بھی ہو ماں ہوتی ہے اور اولاد کی پرورش سے کبھی غافل نہیں ہوتی، ایسا ہی ایک منظر بھارت میں والی بال میچ کے دوران دیکھنے میں آیا جب ایک خاتون کھلاڑی ہاف ٹائم کی گھنٹی بجتے ہی دوڑ لگاتے ہوئے کورٹ سے باہر آئی اور اپنے 7 ماہ کے بچے کو اپنا دودھ پلایا۔
بھارتی ریاست میزورم میں ’اسٹیٹ گیمز 2019ء‘ کے سلسلے میں خاتون ٹیموں کا والی بال میچ جاری تھا، جس میں کھلاڑی وینتلوآنگی علاقائی ٹیم ٹوئی کُم کی جانب سے کھیل رہی تھیں۔ کانٹے دار مقابلے کے درمیان وقفہ ہوا تو وینتلوآنگی کھلاڑی سے ماں بن گئیں اور کورٹ سے باہر آکر اپنے 7 ماہ کے بچے کو اپنا دودھ پلانے لگیں۔
ماں کا دودھ نومولود کے لیے سب سے توانا اور صحت بخش غذا ہے جو بچوں کو مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے، اسی وجہ سے خاتون کھلاڑی نے بچے کو اپنا دودھ پلایا۔ کسی نے تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس پر صارفین نے خاتون کھلاڑیوں اور ملازمت پیشہ خواتین کی اس مشکل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا۔