امریکی تیل مارکیٹ بحال ہونا شروع، قیمت 12.62 ڈالر فی بیرل ذخائر بھرنا چاہتے ہیں: ٹرمپ

0
118

 

واشنگٹن (پاکستان نیوز) امریکی خام تیل کی قیمتیں مانگ میں کمی اور سٹوریج بڑھنے کی وجہ سے پہلی مرتبہ منفی میں جانے کے بعد واپس بحالی کی جانب گامزن ہوگئی ہیں، اس کمی کی وجہ سے ایشیائی سٹاک مارکیٹیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں، کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی معیشت، ٹرانسپورٹ اور فیکٹریوں کے رک جانے کی وجہ سے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل مئی میں ڈلیوری کے لیے غیر روایتی منفی 37.63 ڈالر تک کم ہوگیا تھا، منگل کو امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 12.62 ڈالر بیرل پر آگیا، برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ19.63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ رہی ، سعودی خام تیل کی قیمت 12.65فیصد گر گئی، سعودی تیل 19.07ڈالر فی بیرل کا ہوگیا، ایرانی خام تیل کی کم ازکم قیمت 22.39ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ تاجروں کی توجہ اب جون کے کنٹریکٹ پر ہے جس کا تجارتی حجم 30 گنا زیادہ ہے جوگزشتہ روز 20.43 ڈالر فی بیرل سے 21 ڈالر فی بیرل ہوگیا، عرب لائٹ کی قیمت 2.76 ڈالر بیرل کم ہوگئی ، عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں 12.59 فیصد کمی سے 19.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ پاکستان عرب لائٹ خام تیل خریدتا ہے ، جے پی مورگن ایسٹ مینیجمنٹ کے تائی ہوئی کا کہنا تھا ویسٹ ٹیکساس میں بحران اس وقت آیا جب امریکی لاک ڈاﺅن مئی میں بھی جاری رہنے کی امید پیدا ہوئی، ادارے اب بھی تیل پیدا کر رہے کیونکہ پیداوار کو کم کرنا چند پیدا کاروں کے لیے ممکن نہیں ، اس سے ان کے تیل کے کنویں مکمل تباہ ہوسکتے ہیں۔ ایشیائی ٹریڈنگ میں امریکی خام تیل مثبت زون میں آگیا ، ایشیائی ٹریڈنگ میں عالمی گیس کی قیمت کو ایک ڈالر 92 سینٹس کی سطح پر مستحکم دیکھا گیا ، عالمی منڈی میں ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک سے 3 فیصد کمی کے ساتھ مستحکم ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آئل کریش کو قومی ذخائر بھرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں،تاریخی گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر سٹریٹجک تیل ذخائر میں ساڑھے 7 کروڑ بیرل کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں، ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا تیل خریداری اسی صورت ہوگی جب کانگریس فنڈنگ کی منظوری دے گی ، دوسری طرف امریکی خام تیل کے نرخوں میں کمی سے یورپین سٹاک مارکیٹس میں مندی رہی ، لندن کا ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس منگل کو ابتدائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران 1.7 فیصد گر کر 5713.70 پوائنٹ رہا، فرینکفرٹ کا ڈی اے ایکس 30 انڈیکس 2 فیصد گر کر 10462.56 پوائنٹ ، پیرس کا سی اے سی 40 انڈیکس 2 فیصد کمی کے ساتھ 4437.84 پوائنٹ رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here