واشنگٹن (پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے آن لائن ریٹیل پلیٹ فارم ایمازون کی 5 غیر ملکی ویب سائٹس کو بلیک لسٹ کر دیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے تجارتی نمائندوں کے دفتر نے بتایا کہ ایمازون کی برطانیہ، جرمنی، فرانس، بھارت اور کینیڈا میں رجسٹر ویب سائٹس نے جعلی اور چربہ مصنوعات کی فروخت کی اور ان ویب سائٹس کو بلیک لسٹ کرنے کا یہ اقدام کاروباری اداروں کی جانب سے جعلی اورنقلی مصنوعات کی فروخت کی شکایات پر اٹھایا گیا ہے۔ دوسری جانب ایمازون کی ویب سائٹ کے ترجمان نے کہا کہ ایمازون کی 5 ویب سائٹس بلیک لسٹ کرنے کا اقدام سیاسی ہے جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایمازون کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جیف بزوس کی ناپسندیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ کا یہ خالصتاً سیاسی اقدام ایمازون کے خلاف ذاتی انتقام کی ایک اور مثال ہے۔ ایمازون نے کہا کہ آن لائن شاپنگ پلٹ فارم نے جعلی اور نقلی مصنوعات کی فروخت کی روک تھام کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کی ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ سال 6 بلین سے زائد مصنوعات کو بلاک کر دیا تھا۔ ایمازون کے ترجمان نے کہا کہ ہم جعلی اور نقلی مصنوعات کے خلاف جنگ میں سرگرم شراکت دار ہیں۔امریکہ میں ایمازون کی ویب سائٹ کو اس لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔