اسلام آباد(پاکستان نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت کے لئے ممکنہ طور پر جوہری ہتھیار بھیجنے کے عزم کا الزام لگایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں سوال کا جواب دیتے ہوئے یروشلم پوسٹ کی6اگست کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ بڑھتا ہے تو پاکستان ایران کو شاہین تھری درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسی خبریں جھوٹی ہیں۔ مشرق وسطی میں نازک وقت ہے، میڈیا سمیت تمام فریقین جعلی خبروں کو پھیلانے میں ملوث نہ ہوں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو بلا تعطل جاری رکھنے پر زور دیا۔اس موقع پر ان کی ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی۔ پاکستان اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان بنگلہ دیش کے حالیہ واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تمام رپورٹس کو مسترد کرتا ہے ایسی رپورٹس بھارت کے ذہنی خبط کی عکاسی کرتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہم نے امریکی کانگریس میں پیش بھارت امریکا دفاعی تعاون بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دوست ممالک کو اس میں نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ امید ہے کانگریس پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں کردار ادا کریگی۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی آصف مرچنٹ کی جانب ڈونلڈ ٹرمپ پرحملے کے حوالے سے ہم امریکی حکام کی جانب سے تفصیلات کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ارشد ندیم کو اولمپکس پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتے پر مبارکباد پیش کر تی ہے۔