انقرہ(پاکستان نیوز) ترکش ایئرو اسپیس اینڈ ڈیفنس کمپنی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے مضافات میں واقع ایوی ایشن کمپنی توساس کے ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔ ترک وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے عمارت کے مرکزی دروازے پر دھماکا کیا اور پھر فائرنگ کردی۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ دیگر دہشت گردوں سے مقابلہ جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق مذکورہ کمپنی بیرکتار ڈرون بنانے کے لیے مشہور ہے اور ترکیہ کا پہلا لڑاکا طیارہ کان بھی اسی کمپنی کی پیداوار ہے جبکہ ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔