پانچواں فورتھ آف جولائی کرکٹ ٹورنامنٹ سٹالین کلب نے جیت لیا

0
300

نیوجرسی‘ ٹرنٹن (خصوصی رپورٹ) کرکٹ کی دنیا میں معروف اور ہردلعزیز شخصیت‘ کوچ‘ سرٹیفائیڈ امپائر مدثر صفدر کی انتہائی کوششوں سے ایک بار پھر نیوجرسی کی فضائیں کرکٹ کے شوقین مزاج افرد کیلئے مسرت کا پیغام بن گئی جب نیوجرسی کے علاقے ٹرنٹن ٹاﺅن میں فلڈ لائٹ میں ٹیپ بال سے امریکہ کے جشن آزادی ”فورتھ آف جولائی“ کے موقع پر ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا۔ ٹورنامنٹ کے روح رواں برادر مدثر صفدر نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ نیوجرسی میں نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز میں نے آج سے پانچ سال پہلے کیا تھا تو بڑی مشکل سے چھ ٹیمیں آئیں لیکن اس سال الحمدللہ 12 ٹیموں نے حصہ لیا اور ہم نے مسلسل دو دن ٹورنامنٹ کرایا۔ فائنل میں دو ٹیمیں پہنچیں۔ سٹالین کرکٹ کلب‘ اٹلانٹک سٹی کرکٹ کلب‘ اس سال کا فائنل بروکلین نیویارک سے تعلق رکھنے والی ٹیم سٹالین کرکٹ کلب نے جیتا۔ سٹالین کرکٹ کلب کے کھلاڑی بلال نے زوردار اور دھواں دار بیٹنگ کی اور بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا جبکہ فائنل میں بہترین بولنگ کا ایوارڈ اٹلانٹک سٹی کرکٹ کلب کے راشد علی نے حاصل کیا۔ سٹالین کرکٹ کلب کے وسیم جٹ کو ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔ یاد رہے کہ فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کا کوئی بھی میچ نہیں ہاری تھیں۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچ بہت دلچسپ اور منظم تھے۔ تمام کھلاڑیوں کے کھانے پینے کے علاوہ بہترین سہولتیں فراہم کی گئی تھیں۔ ٹورنامنٹ میں ہائی سٹینڈرڈ کی امپائرنگ اور انتظامات دیکھن میں آئی۔ T-10 ٹورنامنٹ کے آرگنائزر میں مدثر صفدر‘ کامران خان‘ فیصل خان‘ عمران خان‘ ندیم سلیم اور محمد ریاض تھے جبکہ بابر بلال‘ عرفان صادق اور شیراز یاور نے بھرپور تعاون کیا۔ آرگنائزر کامران خان نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کا مقبول ترین کھیل ہے۔ ٹورنامنٹ کرانے کا مقصد نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ فارغ اوقات میں نوجوان غلط کاموں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ لائٹ میں T-10 کا پہلا ٹورنامنٹ ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اسے ہائی لیول تک لے کر جائیں۔ انہوں نے کمیونٹی کے بزنس طبقہ سے گزارش کی کہ وہ کرکٹ میں دلچسپی لیں تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ اختتام پر فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ صبح 3 بجے ٹورنامنٹ کا اختتام ہوا لیکن ٹورنامنٹ کی کامیابی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ امریکہ میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here