محصورین بنگلہ دیش کیلئے قائم FOH کے اسکولز کی اساتذہ و طالبات کا مثبت وپُرخلوص مظاہرہ
حقوق خواتین کی دعویدار تنظیموں و رہنماﺅں کومحصورین بنگلہ دیش کیلئے بھی آواز اٹھانی چاہیے، احتشام نظامی
شکاگو(پاکستان نیوز) فرینڈز آف ہومینیٹی (FOH) کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بنگلہ دیش میں محصورین کیلئے قائم کردہ کیمپس میں واقع FOH اسکولز کی اساتذہ و طالبات نے عالمی یوم خواتین کے موقعہ پر بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں نہایت منظم و تحسین آمیز انداز سے مارچ کا اہتمام کیا۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ FOH کے روح رواں سید احتشام ارشد نظامی نے اعلامیہ میں استفسار کیا ہے کہ کیا دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کی دعویدار کوئی رہنما نصف صدی سے زیادہ اپنے حقوق سے محروم محصور خواتین کیلئے اپنی آواز بلند کرنے کا فریضہ ادا کر کے ان محرومین کی تکالیف کا ازالہ کر سکتی ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محصورین کی نجات کیلئے ان عالمی دعویداران کو اپنا فرض منصبی ادا کرنا چاہیے۔