بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے پر دھاوا بول دیا اور دیوار پر چڑھ کر جھنڈے لہراتے رہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق اور شام میں ایران کی حامی تنظیموں کے اڈوں پر امریکی فضائی بمباری میں 25 سے زائد افراد کی ہلاکت کے خلاف مظاہرین نے بغداد میں شدید احتجاج کیا۔
ہلاک شدگان کی تدفین کے بعد مشتعل ہجوم نے بغداد کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے کی جانب مارچ کیا اور امریکی سفارتخانے پر دھاوال بول دیا۔ مشتعل مظاہرین نے سفارتخانے کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، پانی کی بوتلیں پھینکیں ،امریکا مخالف شدید نعرے بازی کی اور سیکورٹی کیمرے توڑ دیے۔
بعض مظاہرین سفارتخانے کی دیوار پر چڑھ کر جھنڈے لہراتے رہے جب کہ عمارت پر امریکا مخالف وال چاکنگ بھی کی۔ حملے کے باعث امریکی سفیر اور عملے کو بحفاظت باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مظاہرین کو روکنے کے لیے عراقی اسپیشل فورسز کے دستے کو مرکزی دروازے اور گرد و نواح میں تعینات کر دیا گیا ہے، مظاہرین کو پر امن طور پر منتشر کرنے کے لیے قائدین سے بات چیت کی جارہی ہے۔
ایران نے عراق اور شام میں کتائب حزب اللہ کیخلاف کارروائی پر امریکا کو نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔