واشنگٹن(پاکستان نیوز) یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ،ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز، ورجینیا اسٹیٹ پولیس اور ورجینیا ٹرکنگ ایسوسی ایشن نے باہمی اشتراک سے انسانی سمگلنگ کے خلاف ”آپریشن سیف پیسیج ” شروع کر دیا ہے۔دو روزہ آپریشن 18 اپریل کو شروع کیا گیا اور 20 اپریل تک جاری رہا۔ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز کے سپیشل ایجنٹ انچارج رے ولانوئیوا نے کہا کہ ہم اپنی کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اور ان لوگوں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے جو ہمارے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ورجینیا کے سیکرٹری پبلک سیفٹی اینڈ ہوم لینڈ سیکیورٹی باب موسیئر نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ ورجینیا اسٹیٹ پولیس عالمی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لیے جارحانہ اور فعال موقف اختیار کیے ہوئے ہے ۔ ورجینیا کسی بھی انسان کے استحصال کو برداشت نہیں کرتی، اور اس جرم سے منسلک کسی کو بھی پکڑنے، مقدمہ چلانے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔اعدادو شمار کے مطابق انسانی سمگلنگ کے الزامات کے تحت ملک بھر سے 2 ہزار سے زائد ملزموں کو گرفتار کیا گیا ، جبکہ 720 سے زیادہ اسمگلنگ کے متاثرین کی شناخت کی گئی اور انہیں اہم مدد کی پیشکش کی گئی، 2019 میں ورجینیا میں اسمگلنگ کے 179 رپورٹ ہوئے اور 77 اسمگلروں کی شناخت ہوئی۔ ورجینیا سٹیٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ کرنل گیری ٹی سیٹل نے کہا کہ یہ مہم ایک بہت سنگین جرم کو ختم کرنے کے بارے میں ہے، اس مہم کے دوران عوام ہمارے آنکھیں اور کان بن سکتے ہیں۔ورجینیا ٹرکنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور سی ای او ڈیل بینیٹ نے کہا کہ ٹرک ڈرائیورز اس گھناؤنے جرم کے ممکنہ متاثرین کو پہچاننے اور مشتبہ سرگرمی کا مشاہدہ کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مناسب طریقے سے آگاہ کرنے کے لیے منفرد مقام رکھتے ہیں۔ اس لیے وہ اپنے ساتھیوں سے بات کر سکتے ہیں اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق آگاہی کے بارے میں پیغام پھیلا سکتے ہیں۔