اسپرنگ فیلڈ:
امریکی ریاست الینوائے میں ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار سابق میئر سمیت تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست الینوائے کے علاقے اسپرنگ فیلڈ میں دو انجن والا پائپر ایرو اسٹار مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک پالتو کتا بھی طیارے میں موجود تھا وہ بھی اپنے مالکان کے ساتھ ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والوں میں اسپرنگ فیلڈ کے سابق میئر فرینک ایڈورڈ اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں اور کتا بھی انہی کی ملکیت تھا جب کہ تیسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ طیارے کی ملکیت اور پرواز کی منزل کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجہ موسم کی خرابی ہے، سرد موسم اور منفی درجہ حرات کے علاوہ گہرے سیاہ بادل نیچے اتر آئے تھے جب کہ فوگ کے باعث حد نگاہ بھی کم ہوگئی تھی۔ سابق میئر کی ہلاکت پر سینیٹرز اور ارکان پارلیمنٹ نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔