لاہور:
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رات کے وقت فضائی آپریشن بند کرنے پرغور شروع کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رات کے وقت فضائی آپریشن بند کرنے پر غور شروع کردیا اور اس حوالے سے تمام ملکی و غیر ملکی ائیر لائنز کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں ان سے سفارشات مانگی گئی ہیں۔
مراسلے میں انہیں بتایا گیا ہے کہ مطابق رات کے وقت فضائی آپریشن کو چلانے کے لیے رن وے لائٹس، سیکورٹی لائٹس، ٹرمینل بلڈنگ لائٹس اور ائیرکنڈیشنر کے استعمال میں بجلی کے استعمال میں کچھ سال میں بہت اضافہ ہوگیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز سے دو آپشنز پر سفارشات مانگی ہیں، پہلے آپشن میں رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک آپریشن بند رکھا جائے گا یا پھر دوسرے آپشن میں رات 12 سے صبح 6 بجے تک آپریشن کے سول ایوی ایشن کو ائیرلائنز اضافی فیس ادا کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز 28 فروری تک سول ایوی ایشن کو اپنی سفارشات سے آگاہ کریں گی، سول ایوی ایشن ائیرلائنز کی سفارشات پر رواں سال گرمیوں میں رات کے فضائی آپریشن پر پابندی لگانے یا اخراجات بڑھانے کا فیصلہ کرے گی۔