ادلب:
شام میں اتحادی افواج کی بمباری کی زد میں اسکول کی عمارت بھی آگئی جس کے نتیجے میں طلبا اور اساتذہ سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں اتحادی افواج کی پیش قدمی جاری ہے، روسی فوج نے فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
شام میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی بمباری میں میزائل اور شیلنگ اسکول کی عمارت میں گرے جس کے نتیجے میں 9 طلبا اور 3 اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں 8 شہری بھی ہلاک ہوئے۔
شام کے علاقے ادلب کے 19 ٹاؤنز اور گاؤں سے اتحادی افواج نے داعش جنگجوؤں سے قبضہ واگزار کروا کر شامی حکومت کی عملداری قائم کردی گئی ہے اور مزید پیش قدمی جاری ہے۔ اس دوران شامی اور ترکی فوج کے درمیان جھڑپوں میں دونوں جانب جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ شام کے اکثر علاقوں پر شامی حکومت نے قبضہ حاصل کرلیا ہے تاہم ادلب میں اب بھی جنگجوؤں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے، اس علاقے میں ترک فوج بھی کرد جنگجوؤں کیخلاف فوجی کارروائیوں میں مصروف ہے۔