جکارتہ:
انڈونیشیا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں مسلسل بارشوں کے باعث سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی، 5 شہری سیلابی ریلے میں بہہ کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، 89 افراد زخمی ہیں جب کہ تین افراد لاپتہ ہیں۔
سیلاب کا پانی شہری علاقوں میں داخل ہوگیا جس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔ بجلی کا نظام درہم برہم اور سڑکیں پانی بہہ جانے کے باعث ذرائع آمد و رفت معطل ہے۔ کھانے پینے کی اشیا اور پینے کے پانی کا فقدان پیدا ہو گیا ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ریلیف کیمپوں میں 20 ہزار سے زائد شہریوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن جاری رہے گا، شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔