امریکی شہری نے منہاٹن میں باحجاب مسلم خاتون کو کورونا کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا
نیویارک (پاکستان نیوز)کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشن نے منہاٹن میں 34سالہ مسلم خاتون کے ساتھ نفرت آمیز واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزم کیخلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے ، تفصیلات کے مطابق منہاٹن میں شام 6:15 کے قریب لین فرگوسن نامی شہری نے میڈی سن ایونیو میں ایسٹ 25سٹریٹ کے قریب ایک باحجاب خاتون کو دیکھتے ہوئے اس پر چلانا شروع کر دیا کہ تم لوگوں نے کورونا وائرس پھیلایا ہے ، تم لوگ اس کے ذمہ دار ہو ، جب خاتون نے فرگوسن کو جواب دینے کی بجائے اپنی راہ لینے کی کوشش کی تو فرگوسن نے اس پر حملہ کر دیا اس کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا جس پر فوری پولیس کو اطلاع دی گئی ، پولیس نے موقع پر پہنچتے ہوئے فرگوسن نامی شہری کو حراست میں لے لیا ، ذرائع کے مطابق پولیس نے مجرم کے خلاف فرضی کارروائی کرتے ہوئے اسے اسی وقت رہا کر دیا تھا۔کئیر کے ڈائریکٹر احمد محمد نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے اپیل کی کہ ملزم کیخلاف سخت دفاععات عائد کی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو اس طرح کرنے کی ہمت نہ ہو۔