واشنگٹن(پاکستان نیوز) وائٹ ہائوس کے نامزد چیف آف سٹاف رون کلین نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن گزشتہ ہفتے ہونے والے امریکی حکومتی ایجنسیوں پر مشتبہ روسی ہیکرز کے سائبر حملوں کا جواب پابندیوں سے بڑھ کردیں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز امریکی کمرشل براڈ کاسٹ ٹی وی اینڈ ریڈیو کے پروگرام “فیس دا نیشن “سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن امریکہ کی درجنوں حکومتی ایجنسیوں پر روسی سائبر حملوں کے خلاف کئی آ پشنز پر غور کر رہے ہیں اور ان آپشنز میں پابندیوں پر ہی نہیں بلکہ ایسے غیر ملکی حملوں کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ دوسری جانب روسی حکومت نے سائبر حملوں کے امریکی الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے گزشتہ روز روس کی فارن انٹیلی جینس ایجنسی ایس وی آر کی 100ویں سالگرہ کی تقریب میں ایجنسی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کے مشکل پیشہ وارانہ آپریشنز کی ادائیگی قابل تعریف ہے۔