واشنگٹن (پاکستان نیوز) سینیٹ نے یوکرائن سمیت دیگر ایمرجنسی ریلیف کے لیے 1.7 ٹریلین ڈالر کے معاشی پیکج کی منظوری دے دی، جس میں سے 45 بلین ڈالر یوکرائن کو فوجی اور معاشی امداد کی مد میں دیئے جائیں گے جبکہ 38 بلین ڈالر ایمرجنسی ریلیف فنڈز میں رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ الیکٹورل کائونٹ ایکٹ میں ترمیم کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا جس کا مقصد چھ جنوری کو کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے جیسے واقعات کو روکنا ہے، ایکٹ میں ترمیم سے یہ باور کرایا جائے گا کہ نائب صدر کے پاس الیکشن نتائج کو مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، صدر بائیڈن کی جانب سے 1 ٹریلین ڈالر کے سرمایہ کاری بجٹ کی بھی منظوری دی جائے گی جس میں اسلحہ تخفیف، نئی ملازمتوں اور محفوظ کمیونٹی ایکٹ میں رقم تقسیم کی جائے گی جبکہ 280 بلین ڈالر کی رقم سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین سے مقابلے کے لیے مختص کی جائے گی ، امریکہ کے دفاعی بجٹ میں 9.7 فیصد اضافہ کرتے ہوئے دفاع پروگرام کے لیے 858 بلین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، 118.7بلین ڈالر ویٹرنز افیئرز میڈیکل کیئر کیلئے مختص کیے جائیں گے جس کو 22 فیصد بڑھایا گیا ہے ، جبکہ 59 بلین ڈالر انفراسٹرکچر بل کے لیے مختص کیے جائیں گے ، 19.8 بلین ڈالر یوکرائنی افواج کو اسلحہ دینے کے لیے مختص کیے جائیں گے جبکہ نیٹو اور اتحادی ممالک کی امداد کے لیے 12.9 بلین ڈالر رکھے گئے ہیں۔