شکاگو میں مقیم نوجوان معیز الدین کا ٹریفک کے المناک حادثے میں انتقال پُر ملال

0
135

 

کمیونٹی کی تدفین و فیملی کے گزارے کیلئے فنڈریزنگ، افشاں جبیں نے نیک کام کا بیڑہ اٹھایا، نماز جنازہ و تدفین پیٹرسن قبرستان میں ہوئی، کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت

شکاگو(پاکستان نیوز) شکاگو میں مقیم حیدر آباد (انڈیا) سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ معیز الدین ہفتہ 19 دسمبر کو ٹریفک کے خوفناک حادثے میں دار فانی سے کُوچ کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون، جواں سال معیز الدین اپنے والدین کی سب سے بڑی اولاد اور خاندان کا کفیل تھا۔ معیز کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، اس کا 7 ماہ کا بیٹا بھی ہے۔ مرحوم اپنی تعلیم اور حصول معاش کی مصروفیات کے ساتھ کمیونٹی کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں انتہائی فعال تھا۔ مرحوم معیز الدین کے انتقال پر اس کی قدیم رفیق و سابق رُوم میٹ افشاں جبیں نے تدفین اور فیملی سپورٹ کیلئے کمیونٹی سے فنڈریزنگ کی اپیل کی۔ کمیونٹی نے اپنا مذہبی و اخلاقی فریضہ نبھاتے ہوئے لبیک کہا اور بہت خطیر رقم نیک مقصد کیلئے جمع ہو گئی۔ مرحوم معیز الدین کی تجہیز و تکفین کے انتظام کیساتھ، اس رقم سے مرحوم کی فیملی کی بھارت (حیدر آباد) واپسی اور فوری کفالت کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ معیز الدین کی نماز جنازہ اور تدفین پیٹرسن قبرستان میں عمل میں آئی۔ کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ معیز الدین کے سانحہ انتقال پر کمیونٹی بالخصوص افشاں جبیں کی مثالی خدمت نہایت قابل تحسین و ستائش ہے۔ ادارہ پاکستان نیوز اس عظیم کام پر دلی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ نیز معیز الدین کی بخشش و اعلیٰ درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا گو ہے۔ آمین۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here