نیویارک (پاکستان نیوز) پاکستانی نژاد امریکی خاتون صحافی آمنہ نواز انتخابات کے حوالے سے صدارتی مباحثے کے نتائج ترتیب دینے کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون صحافی بن گئی ہیں ، انھوں نے یہ اعزاز پی بی ایس نیوز آور کے پلیٹ فارم سے حاصل کیا ہے ، اس موقع پر ان کے ساتھ دیگر تجربہ کار اور سینئر صحافی بھی موجود تھے جن میں ان کی بوس جوڈی ووڈ روف ، پولیٹکو کے چیف سیاسی نمائندہ ٹم البرٹا بھی شامل تھے ، ورجینیا میں پیدا ہونے والی 40سالہ آمنہ نواز نے یہ اعزاز گزشتہ برس 19دسمبر کو حاصل کیا جب میری ماﺅنٹ یونیورسٹی لاس اینجلس ، کیلیفورنیا میں ہونے والے صدارتی مباحثے کی کوریج کی گئی اور پھر اس کے نتائج کو مرتب کیا گیا جس میں آمنہ نواز نے بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔واضح رہے کہ پی بی ایس کی ایگزیکٹو پروڈیوسر جوڈی ووڈ روف کو صدارتی مباحثوں کے دوران منصفانہ نتائج مرتب کرنے میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ان کے زیر سایہ آمنا نواز نے بھی تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔