نئی دلی:
حکمراں جماعت کی خاتون رہنما نے بھارت کے بانی رہنما مہاتما گاندھی کے قاتل کو محب وطن قرار دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما پراگیا سنگھ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کو قتل کرنے والے نتھو رام گوڈسے کی حمایت کرتے ہوئے اسے محب وطن شخص قرار دے دیا۔
بی جے پی رہنما کے بیان پر طوفان کھڑا ہو گیا اور کانگریس سمیت تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے متنازع بیان پر شدید تنقید کی اور خاتون رہنما کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے جدو جہد آزادی کی تاریخ پڑھنے کا مشورہ دے ڈالا۔
یہ پڑھیں : بھارت کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا، کمل ہاسن
دوسری جانب بھارتی عوام میں بھی بی جے پی رہنما کے بیان پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور عوام نے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کیے اور پراگیا سنگھ ٹھاکر کے پتلے جلائے گئے ساتھ ہی وزیراعظم مودی کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
بی جے پی رہنما پراگیا سنگھ ٹھاکر نے نتھو رام کے عمل کا دفاع کمل ہاسن کے اُس بیان کے ردعمل میں کیا جس میں کمل ہاسن نے کہا تھا کہ بھارت کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا جس نے گاندھی کو قتل کیا۔