پاکستان دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدے گا، مفتاح اسماعیل

0
170

کراچی:

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدے گا، شاہد خاقان کے معاہدے کی ایل این جی تقریباً 5 ڈالرفی یونٹ میں مل رہی ہے جب کہ عمران خان 12 ڈالر فی یونٹ ایل این جی خرید رہے ہیں۔

یہ بات انہوں ںے جمعرات کو مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل ناصرالدین محمود، ندیم  اختر آرائیں، طارق محمود اور نثار شاہ بھی موجود تھے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھنے کے باوجود سرکلر ڈیٹ 2400 ارب روپے ہے، عمران خان نے اتنا قرض لے لیا جو نواز شریف نے 3 حکومتوں میں نہیں لیا، بجلی کی قیمت بڑھی ہے، اگلے ماہ بھی بڑھے گی، 6 روپے کے بجائے 16 روپے فی یونٹ کی بجلی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو سال میں ایک بھی ایل این جی ٹرمینل نہیں لگایا اور موجودہ ٹرمینلز کی گنجائش بھی نہیں بڑھائی گئی، حکومت نے ایل این جی کی بڈ دسمبرمیں کھولی، دسمبر میں فروری کے سودے کیے گئے، ساڑھے 24 فیصد پر گیس خریدیں گے یہ دنیا کی سب سے مہنگی گیس ہوگی۔

انہوں ںے کہا کہ ہم 5.5 فیصد پر گروتھ چھوڑ کر گئے تھے اور یہ صفر پر لے آئے، دسمبر میں 24 فیصد کی بلند ترین شرح کے سودے ہوئے، ایل پی جی کے بعد اب پیٹرول کی قیمت بھی بڑھائی جائے گی، سستی چینی ایکسپورٹ کر کے مہنگی امپورٹ کرنا زیادتی ہے۔

سابق وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم باتیں بہت کرتی ہے، جھنڈے والی گاڑی نہیں چھوڑتی، ایم کیو ایم کو مردم شماری پر تحفظات ہیں تو وفاقی حکومت سے الگ ہوجائے، پھر بھی حکومت نہیں چھوڑتے تو یہ عجیب سی بات لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے کراچی کی مردم شماری کی ری ٹیسٹنگ کی پیشکش کی تھی، مردم شماری میں کراچی کی سیٹ بڑھی ہیں، اگر ہم نے غلط مردم شماری کی ہوتی تو پنجاب کی سیٹیں بڑھاتے۔

مفتاح اسماعیل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں بہادر آباد جانے کے لیے تیار ہوں، فیصل سبزواری سمیت ایم کیو ایم کے دیگر رہنما ہمارے دوست ہیں ان سے پہلے بھی ملنے گئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here