مدینہ منورہ:
کورونا وبا کے دوران زیادہ سے زیادہ زائرین کی نماز میں شمولیت کی غرض سے مسجد نبوی کی چھت کو عبادت گزاروں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد نبوی کے انتظامی امور کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ اب نمازیوں کو چھت پر فرض کی ادائیگی کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اب عبادت گزار فجر، مغرب، عشاء اور جمعہ کی نماز چھت پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔
یہ فیصلہ کورونا وبا کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، مسجد نبوی کی چھت میں لگ بھگ 10 ہزار نمازیوں کی جگہ ہے جب کہ کورونا احتیاطوں کے پیش نظر داخلی راستوں پر جراثیم کش اسپرے گیٹ، درجہ حرات چیک کرنے والے کیمرے اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
مسجد نبوی کے انتظامی امور کے صدر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ چھت پر نماز ادا کرنے کے خواہشمند افراد دروازے نمبر 5 ، 8 ، 21 ، 34 اور 37 کے راستوں سے چھت تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔