ممبئی:
بالی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور بھی بہت جلد بالی ووڈ میں انٹری دینے جارہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خوشی کپور اپنی ماں اور بڑی بہن جھانوی کپور کے نقش قدم پر چلنے کے لیے تیار ہیں۔ سری دیوی کے شوہر اور بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر بونی کپور نے اپنی بیٹی کی فلموں میں انٹری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خوشی اداکارہ بننے میں بہت دلچسپی رکھتی ہے اور بہت جلد آپ اس کی پہلی فلم سے متعلق اعلان سنیں گے۔
بونی کپور بالی کا شمار بالی ووڈ کے بڑے پروڈیوسرز میں ہوتا ہے تاہم وہ اپنی بیٹی کو فلموں میں لانچ نہیں کررہے۔ ایک انٹرویو کے دوران بونی کپور نے کہا میں اپنی بیٹی کو فلموں میں لانچ کرسکتا ہوں لیکن میں چاہتا ہوں اسے کوئی اور لانچ کرے کیونکہ میں اس کا باپ ہوں اور اگر میں اسے لانچ کروں گا تو اس کا اسے فائدہ ہوگا اور آپ بطور فلمساز یہ برداشت نہیں کرسکتے اور نہ ہی یہ ایک اداکار کے لیے اچھا ہے۔
بونی کپور نے کہا میں چاہتاہوں میری بیٹی خوشی اپنے راستے خود تلاش کرے۔ اور اسے کوئی ایسا فلمساز لانچ کرےجس کی میں عزت کرتاہوں اور جس کے بارے میں مجھے یقین ہوکہ اس کے ساتھ میری بیٹی محفوظ ہوگی۔
واضح رہے کہ سری دیوی اور بونی کپور کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور نے امریکا کی نیویارک فلم اکیڈمی سے اداکاری کا کورس کیا ہے۔ خوشی کپور کی بڑی بہن جھانوی کپور 2 سال قبل فلم ’’دھڑک‘‘کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دے چکی ہے۔ تاہم ابھی تک جھانوی کپور کوئی اتنا بڑا کام نہیں کرسکی جو ان کی پہچان بن سکے۔