اتراکھنڈ:
بھارت میں ہمالیائی گلیشیئر اچانک پھٹ کر دریا میں گر گیا جس سے ہولناک سیلاب کی کیفیت پیدا ہوگئی جو آس پاس کے گھروں کو بہا لے گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے تپوون میں اچانک گلیشیئر کے پگھل کر گرنے سے بھیانک حادثہ پیش آیا، دھولی ندی نے بڑے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرلی اور بھپرا ہوا پانی راستے میں آنے والی ہر شے کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا جس میں کئی گھر تباہ ہوگئے۔
ضلع میں فوری طور پر ایمرجنسی حالت کا اعلان کیا گیا اور انتظامیہ نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے شہریوں کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک اضافہ ہوا اور چمولی سے ہری دوار تک خطرہ بڑھ گیا ہے، سیلابی ریلے کے ڈیم سے ٹکرانے پر ڈیم کے دروازوں کو کھولنے کی ہدایت کی گئی۔
ادھر اتراکھنڈ کے چیف سکریٹری اوم پرکاش نے سیلابی ریلے میں 180 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جن میں سے اب تک صرف 14 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں تاہم 170 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں 150 تعداد مزدوروں کی ہے جو قریب میں پاور پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔
دوسری جانب اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور ریسکیو اداروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے ٹوئٹر پر اطلاع دی کہ ندی کے پانی کی سطح بڑھ گئی تھی تاہم اب بہاؤ کم ہوتا جا رہا ہے اور یہ خوش آئند بات ہے۔