اسلام آباد/ بیجنگ:
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے گزشتہ روز کورونا ویکسین کی ایک کھیپ پاک فوج کے سپرد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، پاک فوج کی درخواست پر چین کے مرکزی فوجی کمیشن کی منظوری کے بعد، پیپلز لبریشن آرمی نے پاکستانی فوج کےلیے کووڈ 19 ویکسین کی ایک کھیپ گزشتہ روز 7 فروری کو پاکستان کے حوالے کر دی ہے۔
اس طرح پاک فوج وہ پہلی غیرملکی فوج ہے جسے چینی فوج کی جانب سے کووڈ 19 ویکسین دی گئی ہے۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے اس موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کےلیے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔