آپریشن عزم استحکام کیلئے 20 ارب منظور، دہشتگردی ختم کرنے کا وقت آگیا، وزیراعظم

0
48

اسلام آباد (پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا وفاقی کابینہ نے بلوچستان میں دہشتگردوں کی جانب سے نہتے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر کئے گئے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی۔ کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کیلئے فوری طور پر20ارب روپے کی منظوری دیدی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی کابینہ انسداد دہشتگردی کیلئے اپنی مسلح افواج کی ہر ممکن مدد کریگی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں۔ دہشتگردوں کی غلط فہمی ہے کہ یہ اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کا مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا ہے۔ دہشت گردوں کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، افواج پاکستان کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے دشمنوں کو پہچان کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، آئین پاکستان پر یقین کرنے والوں کیلئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ملک اس بات کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ افسر شاہی اور اشرافیہ غریب عوام کے ٹیکس پر عیش کریں۔ اپنے خون کے آخری قطرے تک اس غریب عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کروں گا۔ شہبازشریف نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے مکمل یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور آئین پر یقین رکھنے والوں کے لئے بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے جامع بات چیت کی جائے گی۔ یہ کہنے کی بجائے کہ دہشت گردوں نے ملک کے کس حصے کے لوگوں کو نشانہ بنایا ،اگر یہ کہاجائے کہ پاکستانیوں کو شہید کیا ہے تو یہ ملکی سالمیت کے حوالے سے زیادہ مناسب اور موثر بات ہوگی۔ بلوچستان میں دہشت گرد جو کاروائیاں کر رہے ہیں ان کا واحد مقصد یہ ہے کہ پاکستان کے اندر خلفشار پیدا کیا جائے، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اقدامات کریگی۔ تمام تر مشکلات کے باوجود ترقی کے راستے میں رخنہ ڈالنے اور روکنے کی کوششیں ناکام بنا دیں گے اور دہشت گردوں کے مذموم ارادے ناکام ہوں گے اور یہ خاک میں مل جائیں گے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔دہشت گردوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ کچھ بھی ہو جائے ان کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا۔ وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات اور دہشت گردوں کے نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کابینہ نے ان واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں اور نہتے شہریوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔کابینہ نے ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی جلد از جلد نشاندہی کرکے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کے شہدا اور رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے وادی تیراہ، ضلع خیبر میں فتنہ خوارج، نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے، دہشتگردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر علامہ محمد راغب نعیمی نے ملاقات کی اور ختمِ نبوت کے معاملے میں اہم کردار ادا کرنے اور اس کے نتیجے میں معاملات کو خوش اسلوبی سے حتمی نتیجے پر پہنچانے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے کہا عقیدہ ختم نبوت کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔ امت مسلمہ اپنے اخلاق وکردار کوبلند کرے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here