واشنگٹن (پاکستان نیوز) ری پبلیکن اور ڈیموکریٹس دونوں ہی امریکہ کے امیگریشن سسٹم کو آسان بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور دونوں کو ہمیشہ ایک ہی مسئلے کا سامنا رہتا ہے اور وہ ہے تارکین کیلئے گرین کارڈ کا اجرا، امید کی جا رہی ہے کہ ڈیموکریٹس اور ری پبلیکن رواں ہفتے ہائوس میں تارکین کے لیے گرین کارڈ کو آسان بنانے کے لیے بل پیش کرنے والے ہیں جس کو جلد منظور کرلیا جائے گا، نئے بل کی منظوری سے تارکین کے لیے گرین کارڈ کے حصول کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی آئے گی ، رپورٹ کے مطابق غیر ملکی افراد کو امریکہ کے گرین کارڈ کے حصول اور قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کے لیے بڑے عرصہ کا انتظار کرنا پڑتا ہے ، بہت سی غیرملکی فیملیز رہائشی ویزوں کی قطار میں لگی ہوتی ہیں اور ان کو اپنے ویزروں اور گرین کارڈز کے لیے سالوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے ، چھوٹے ممالک کے لوگوں کے لیے امریکہ کے گرین کارڈ کا حصول آسان ہے جبکہ بڑی آبادی والے ممالک کے لوگوں کو اس کیلئے انتظار کرنا پڑتا ہے ، اس وقت ہر سال 1 لاکھ 40 ہزار کے قریب گرین کارڈ لوگوں کو جاری کیے جاتے ہیں ، جس میں سے 9 ہزار 800 گرین کارڈ بھارتیوں کو جاری کیے جاتے ہیں، حکومت کی جانب سے متوقع طور پر متعارف کروائے جانے والے ایگل ایکٹ میں تارکین کو گرین کارڈ کے حصول میں بہت سی آسانیاں فراہم کی جائے گی ، جبکہ اس کے دورانیے کو بھی کم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔یہ واحد بل ہے جس کی منظوری کے لیے ڈیموکریٹس اور ری پبلیکن دونوں اکٹھے ہوئے ہیں۔