نیویارک (پاکستان نیوز) اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے خفیہ ایجنسیوں سمیت دیگر نفرت پھیلانے والے گروپس کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مسلم کمیونٹیز کی جاسوسی بند کر دیں۔انھوں نے کہا کہ نفرت آمیز واقعات کے سلسلے کو اب ختم ہونا چاہئے،غیر ضروری طور پر مسلم کمیونٹی کی جاسوسی کا سلسلہ اب بند کرنے کی ضرورت ہے ، اٹارنی جنرل جیمز نے سٹیون ایمرسن اور انویسٹی گیٹو پروجیکٹ آن ٹیررازم (IPT) کو خط میں موقف اپنایا کہ ہمیں بلا ضرورت جاسوسی منصوبوں کو روک دینا چاہئے ، اٹارنی جنرل جیمز نے امریکی محکمہ انصاف (DOJ) کو ایک خط بھی جاری کیا، جس میں وفاقی فوجداری اور شہری حقوق کے قوانین کی IPT کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی درخواست کی۔ نیویارک میں کام کرنے والے خیراتی ادارے کے طور پر، IPT کو ریاستی قوانین کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے،مزید برآں، اٹارنی جنرل جیمز نے کمیونٹیز کو نشانہ بنانے والی کسی بھی امتیازی کارروائی کے خلاف خبردار کیا۔اٹارنی جنرل جیمز نے کہا کہ جیسے ہی ہم رمضان کے مقدس مہینے میں داخل ہو رہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی مسلم کمیونٹیز کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کریں اور اسلامو فوبیا اور ہر قسم کی نفرت کے خلاف کھڑے ہوں، ہم اسلامو فوبیا کو تقویت نہیں دیں گے۔ہمارا آئین تمام برادریوں کے ہراساں کیے بغیر زندگی گزارنے کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔