نیویارک (پاکستان نیوز) ری پبلیکنز کے اٹارنی جنرلز نے بائیڈن کی جانب سے ٹرمپ دور کی تمام امیگریشن پالیسیز کو ترک کرنے کے اقدام کے خلاف عدالتوں کا رخ کر لیا ہے ،ایری زونا کے اٹارنی جنرل مارک برونوچ نے کہا کہ جوبائیڈن کی جانب سے ٹرمپ دور کی تمام امیگریشن پالیسیز کو ترک کرتے ہوئے امریکہ کی سرحدوں کو کھولنا ملک کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا ، شہریوں کے ٹیکس کی لاکھوں ڈالر کی رقوم سے امریکہ کی سرحدوں کو محفوظ بنایا گیا جس کو اب ضائع کیا جا رہا ہے ۔قانونی ماہرین کے مطابق ڈیموکریٹس اور ری پبلیکنز غیر قانونی تارکین کے معاملے کو حل کرنے کے حوالے سے ایک پیج پر نہیں ہیں ، ایوان میں بھی دونوں کی رائے منقسم ہے جس کی وجہ سے ڈیڈ لاک پیدا ہوا ہے ، بائیڈن اپنے دور حکومت سے قبل اور بعد میں واضح طور پر غیرقانونی تارکین کو قانونی سٹیٹس دینے کی بات کر چکے ہیں لیکن ابھی تک اس پر عملی اقدام سامنے نہیں آ سکا ہے جس کی وجہ ایوان کا منقسم ہونا ہے ۔