شہریار آفریدی

0
98
عامر بیگ

نائن الیون کے بعد پہلی مرتبہ مابدولت جب امریکہ پدھارے تو بلو سٹریچ ایبل جینز پر سفید پولو شرٹ، نیچے ایڈیڈاز کے تازہ پالش کئے گئے بلیک جوگرز ،ناک پر ہارلے ڈیوڈسن کے کالے گلاسز، کاندھوں پر لگیج کے نام پر ایک چھوٹا سیاہ چرمی بیک پیک ،ہاتھ میں موٹورولا ریزر کے ساتھ ،ڈومینکن کا نیلا پاسپورٹ امیگریشن لائن میں کھڑے موبائل فون پر امریکہ میں موجود فیملی سے باتیں کرنے میں مصروف کہ امیگریشن آفیسر نے مجھے آگے آنے کا اشارہ کیا تو میں جلدی میں فون بند کرنا بھول گیا ۔کاؤنٹر پر اس نے یاد دلایا کہ اپنا فون بند کر لو میں نے تھینک یو کے ساتھ فلپ بند کیا اور پاسپورٹ بھرے ہوئے ڈکلریشن فارم کے ساتھ اسکی طرف بڑھایا، آفیسر نے ایک نظر پاسپورٹ کے مندرجات پر ڈالی ،میری طرف دیکھا پھر کمپیوٹر سکرین میں کہیں کھو گیا ،اپنی گردن اُٹھانے سے پہلے میرا پاسپورٹ ایک لفافے میں ڈالا اور مجھے وہاں سے ہٹ جانے کا کہا، تھوڑی ہی دیر میں ایک اور آفیسر کے ہمراہ میں ایک بڑے کمرے میں پہنچا دیا گیا جہاں پر اور بھی بہت سے لوگ ہاتھوں میں میری ہی طرح کے لفافے پکڑے بیٹھے تھے ۔دو سے تین گھنٹے بعد میری باری آئی تفصیل سے پوچھ پرتیت ہوئی سب کچھ جو حافظے میں تھا بتایا، ایک پاکستانی جو ڈومینیکن پاسپورٹ پر نیو یارک کے جے ایف کینڈی ائیرپورٹ پر پہلی انٹری دے رہا ہو اسکا اتنا پروٹوکول تو بنتا ہے۔ امریکہ آنے سے پہلے میں فریکواینٹ فلائیر رہا تھا مجھ پر خاص نظر کرم رکھی جاتی رہی تھی، مجھے کئی دفعہ ایئر گارڈ کے ساتھ والی سیٹ پر بٹھایا جاتا رہا ہے کہ اگر کچھ حرکت کروں تو وہیں پر ہی مکو ٹھپ دیا جائے مگر خدا گواہ ہے آج تک کوئی ایسی ویسی حرکت نہ کی اور نہ ہی سرزد ہوئی ۔ یہ ساری تفصیل بتانے کا مقصد حال ہی میں کشمیر پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی صاحب کے جے ایف کینڈی ائیرپورٹ پر پوچھ پرتیت سے ہے ، لوگوں نے بات کا بتنگڑ بنایا جس کے جی میں جو آیا بولتے گیا ، پی ٹی آئی حکومت میڈیا ریگولیٹری پالیسی اپنانے بارے تگ و دو کر رہی ہے اور سوشل میڈیا پر ایک طوفان بدتمیزی ،فوٹو شاپ سے بنائی گئی تصاویر اور کیپشن کا طوفان اُمڈ آیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور بالی وڈ کے شہرہ آفاق اداکار شاہ رخ خان اپنے نجی دورے میں اسی ایئرپورٹ پر ناروا سلوک کے مستحق ٹھہرے، لگتا ہے کہ شاہد شاہ رخ اور شہریار شین سے جڑے ناموں پر امریکی امیگریشن کی خاص نظر ہے ،اللہ نہ کرے اگلا نمبر شہباز شریف کا ہو مگر یہ نوبت شاید نہ آئے کی کہ ان پر نیب اور پاکستانی امیگریشن خاص نظر رکھے ہوئے ہیں جی تو بات ہو رہی تھی شہریار آفریدی کی جو امریکہ میں پہلی دفعہ بلیو پاسپورٹ پر آئے اور روٹین کی پوچھ پرتیت سے گزرے، کشمیر کاز کے لیے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں، کتنے ہی گانگریس مین، لوکل، سیاسی و کاروباری شخصیات اور کشمیری پاکستانیوں کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں، چالیس لاکھ کی لسی پی کر سو نہیں رہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here