ٹورانٹو(پاکستان نیوز)کینیڈا میں کورونا وبا کی ویکسین کے خلاف احتجاج میں شدت آئی ہے اور اختتام ہفتہ کئی بڑے شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے جبکہ دارالحکومت اوٹاوا میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔اوٹاوا میں ویکسینیشن کے خلاف ٹرک ڈرائیورز کے احتجاج پر انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے میئر نے تسلیم کیا کہ ‘حالات قابو سے باہر’ ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مظاہرین 29 جنوری کو دارالحکومت پہنچے تھے، انہوں نے اپنے ٹرک سڑکوں پر اور گلیوں میں کھڑے کیے اور جگہ جگہ خیمے لگا لیے جس سے شہر کا نظام زندگی مفلوج اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔اوٹاوا کے میئر جم واٹسن نے ایمرجنسی لگائے جانے کے اعلان کے ساتھ انتظامیہ نے ایک بیان بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ‘یہ مظاہرین کی وجہ سے بننے والی صورت حال شہر کے رہائشیوں کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث ہے۔