امریکی مسلم کمیونٹی آگے بڑھے اورملکی سسٹم کا حصہ بنیں: الہان

0
85

ہیوسٹن(پاکستان نیوز) کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم مسلم کمیونٹی کو ملکی سسٹم کا حصہ بننے کیلئے آگے آنا چاہیے۔ الہان عمر نے اپنے اعزاز میں منعقدہ اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن کے سابق صدر سہیل سید اور ممتاز ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت امریکی ایوان میں ہم بہت تھوڑے عدد کے ساتھ بھی انسانی حقوق کے حوالے سے آوازبلند کررہے ہیں لیکن اگر اس ایوان میں مسلم ممبرز کا اضافہ ہو گا تو پھر ہم اپنی بات منوانے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گے ، لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم کمیونٹی بڑھ چڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہیے اسی میں ہماری کامیابی کا راز پہناں ہے۔ اس تقریب میں مسلمان اراکین کانگریس کیخلاف بھارتی لابی کی مذموم مہم سے نمنٹے کے لئے امریکی مسلمان ووٹرز اور رہنمائوں کو متحد اور سرگرم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ استقبالیہ میں مسلمان امریکی رہنمائوں کی طرف سے مسلمان امریکی اراکین کانگریس کو آئندہ انتخابات میں مکمل مالی اور اخلاقی حمایت پر اتفاق کیا گیا رکن کانگریس الہان عمر نے اس موقع پر شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ اس موقع پر طاہر جاوید نے پاکستانی امریکنز کو پاکستانی سیاست سے زیادہ امریکی سیاست میں بحیثیت ووٹرز اور رہنما سرگرم ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سہیل سید نے بھارتی لابی کی مسلمان اراکین کانگریس کے خلاف بھارتی مذموم مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے متحد ہو کر مسلمان اراکین کانگریس کی مدد کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here