تہران:
ایران نے ایک ماہ کے دوران امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے 17 جاسوس پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں سے کچھ کو سزائے موت بھی سنائی گئی ہے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں ملک میں امریکی خفیہ ایجنسی کے نیٹ ورک کے ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے جسے ایرانی فورسز توڑنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور 17 امریکی جاسوسوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
حراست میں لیے گئے افراد یا تو حکومتی حساس اداروں میں ملازم تھے یا پھر پرائیوٹ سیکٹر میں اُن اداروں میں ملازم تھے جو معیشت، جوہری،عسکری اور سائبر فورس سے منسلک تھے۔ یہ لوگ آزادانہ طور پر کام کرتے تھے اور انفرادی سطح پر ہی معلومات امریکا میں سی آئی اے آفیسر کو پہنچایا کرتے تھے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جاسوسوں کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جرائم ثابت ہونے پر کچھ کو سزائے موت بھی سنا دی گئی ہے۔ تاہم سزائے موت کے حقدار جاسوسوں کی تعداد اور نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل میں بھی ایران کی جانب سے امریکا کے 250 سے زائد جاسوسوں کی گرفتاری کا دعویٰ سامنے آیا تھا جس کے 2 ماہ بعد مبینہ جاسوس جلال حاجی زوار کو پھانسی دی گئی تھی۔ جلال ایرانی وزارت دفاع کا ملازم تھا اور امریکا کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار تھا۔