واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی فوج کی جانب سے تیل کی آمدنی اور دیگر غیر قانونی آمدنی میں اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیے جانے والے وسیع شیڈو بینکنگ سسٹم پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ اس نے تقریبا 50 اداروں اور افراد پر پابندیاں عائد کی ہیں جن میں محکمہ دفاع ، ایرانی مسلح افواج اور ایرانی افواج کے زیر استعمال وسیع شیڈ و بینکنگ نیٹ ورک کی متعدد شاخیں شامل ہیں۔ یہ نیٹ ورک پاسداران انقلاب کو غیر قانونی طور پر بین الاقوامی مالیاتی نظام تک رسائی کے ساتھ اسے 2020 سے اربوں ڈالر کی رقم منتقل کر چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع مسلح افواج اور ایرانی پاسداران انقلاب بہت زیادہ آمدنی کے حصول کے لیے تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، خاص طور پر ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکلز کی فروخت میں ان کا کلیدی حصہ ہے ۔ بیان کے مطابق ایرانی ایکسچینج دفاتر کے نیٹ ورکس اور ان کے کنٹرول میں کام کرنے والی درجنوں غیر ملکی کمپنیوں نے وزارت دفاع، ایرانی مسلح افواج اور ایرانی پاسداران انقلاب کو بیرون ملک سے حاصل ہونے والی آمدنی کو چھپانے میں مدد کی۔