اسلام آباد(پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 16 ارب روپے کے کیسز کے 4 گواہوں کی موت ہوئی، تحقیقات ہوں گی تو پتا چلے گا یہ لوگ ہارٹ اٹیک سے نہیں مرے، مروایا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے شہر چار سدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومتی ٹولے نے آتے ہی اپنے کرپشن کے کیس ختم کرنا شروع کیے، اب پتا چلا ہے کہ رمضان شوگر مل کا کیس بھی معاف ہورہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سازش کے تحت قوم پر مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرنے کی سازش کے دو مقاصد تھے، ان حکمرانوں نے قوم کو دنیا کے سامنے شرمندہ کر دیا ہے، انہوں نے کہا تھا عمران خان ملک کا دیوالیہ نکال کر گئے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو ملک کا بیرونی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، ہم حکومت چھوڑ کر گئے تو ترسیلات زر 31 ارب ڈالر اور زر مبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر تھے، جب ہم گئے تو زر مبادلہ ذخائر 16 ارب ڈالر تھے، دو سال کورونا وبا کے باوجود ہم بہتر معیشت چھوڑ کر گئے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں وبا کے باوجود ریکارڈ ایکسپورٹ اور ترسیلات زر رہی، ہماریآخری دو سال معاشی کارکردگی 17 سال میں سب سے بہتر تھی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر فضل الرحمان نے 2 دھرنے دیے، بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کیا، یہ پہلی حکومت گرائی گئی جس پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں تھا، انہوں نے آنے کے ساتھ ہی اپنے کرپشن کے کیس ختم اور 11سو ارب روپے کرپشن کے کیسز معاف کروانا شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت اوپر گئی اور عوام کی دولت میں 30 فیصد کمی ہوئی، ڈالر اوپر گیا تو حکمرانوں کی دولت میں 30 فیصد اضافہ ہوا، کبھی ان کو ووٹ نہ دینا جن کے کاروبار، جائیدادیں اور پیسا باہر ہو، اگلی باری ملی تو کسی کو وزیر نہیں بنائیں گے جس کی دولت باہر پڑی ہو۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی منڈی میں تیل 103 ڈالر کا تھا، آج 93 ڈالر کا ہے، جب ہم گئے تو پیٹرول 150 روپے اور آج 236 روپے لیٹر ہے، ہمارے دور میں بجلی 16 روپے اور آج 36 روپے یونٹ ہے، آج بجلی کا فی یونٹ ٹیکس ملا کر 50 روپے سے اوپر ہے، ہماریدور میں ٹیوب ویل پر بجلی ساڑھے 8 روپے اور آج 36 روپے یونٹ ہے، کسانوں کے پاس سب سے زیادہ پیسا ہمارے دور میں گیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کا کہنا ہے یہ حکومت معیشت نہیں سنبھال سکتی، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پاکستان سری لنکا کی صورت حال کی طرف جا رہا ہے۔