نیویارک(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ کے عالمی ایجنسی ”ایجوکیشن کین ناٹ ویٹ” کی سربراہ یاسمین شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی آفات اور بڑھتے ہوئے بحرانوں کی وجہ سے سکول کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں یاسمین نے کہا کہ پاکستان سے یوکرین تک اور وینزویلا سے سب صحارا افریقہ کے وسیع رقبے تک دنیا کے مختلف علاقے بحرانات کا شکار ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں جو سکول جانے سے محروم ہو رہے ہیں۔ یہ ایک خوفناک رجحان ہے جس کا تصور کرنا بھی مشکل ہے ان بچوں نے سب کچھ کھو دیا ہے اور انہیں معیاری تعلیم تک رسائی بھی حاصل نہیں ہے۔ ایجنسی کے تخمینے کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحرانوں اور تنازعات کے باعث دنیا بھر میں تقریباً22کروڑ20لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے8کروڑ بچے ایسے بھی ہیں جنہوں نے کبھی سکول میں قدم نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ برے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں۔