واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدارتی مہم میں لاکھوں ویوز ملنے پر ٹرمپ نے ٹک ٹاک جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو امریکہ میں تھوڑی مدت کے لیے کام جاری رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ نومنتخب صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ صدارتی مہم کے دوران انہیں اسی پلیٹ فارم کے ذریعے اربوں ویوز ملتے رہے ہیں۔ٹرمپ کے اس تبصرے کو اب تک کا سب سے مضبوط اشارہ سمجھا جا رہا ہے کہ وہ امریکی مارکیٹ سے ٹک ٹاک کے ممکنہ اخراج کے خلاف ہیں۔امریکی سینیٹ نے اپریل میں ایک قانون پاس کیا تھا، جس میں سلامتی سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹک ٹاک کی ایپ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ٹیکساس میں ایک تقریب کے موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ میرے خیال میں ہمیں ٹک ٹاک کے بارے میں سوچنا شروع کرنا پڑے گا اور ہمیں اربوں ویوز کی صورت میں شاندار ردعمل ملا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو ٹک ٹاک کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے اس کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں اپنی صدارتی مہم میں کامیابی پر ٹک ٹاک کے لیے گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔