نیویارک (پاکستان نیوز) امریکہ میں کرسمس کی تعطیلات کے دوران شدید برفانی طوفان کے باعث ایک ہزار سے زائد فضائی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ العربیہ کے مطابق مغربی وسطی اور شمال مشرقی امریکہ کے کئی علاقوں میں شدید طوفان اور بھاری برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں رات کے وقت شدید برفباری متوقع ہے جبکہ ہفتے کے اختتام پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور شدید سردی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔فلائٹ اویئر ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق کم از کم 1191پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ جمعہ کی شام 3974 دیگر پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔قومی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دن کے وقت عظیم جھیلوں کے علاقے میں برفباری متوقع ہے جبکہ برفانی طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حکام نے مسافروں کو سڑکوں پر سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے برفانی طوفان کے باعث ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کر دیں۔فلائٹ اویئر کے مطابق متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں خاص طور پر نیویارک اور شکاگو کے ہوائی اڈوں پر صورت حال خراب ہے۔











