بیجنگ (پاکستان نیوز) چین نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا اور برطانیہ کے شہری 17 فروری سے بغیر ویزا چین کا سفر کر سکیں گے۔ یہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے سربراہان نے جنوری میں بیجنگ کے سرکاری دوروں کے دوران اس سلسلے میں بات چیت تھی۔ جنوری میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے دورہ بیجنگ کے دوران چین کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے اور امریکہ کے بدلتے ہوئے رویّے کے باوجود بیجنگ کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے چین کے اعلیٰ حکام بشمول صدر شی جن پنگ، سے ملاقاتوں کے بعد بتایا تھا کہ شہریوں کے لیے ویزا فری سہولت جیسے معاملات پر مثبت اتفاق رائے ہوا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے اتوار کو ان معاہدوں کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اور برطانیہ کے عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری 17 فروری سے 31 دسمبرتک بغیر ویزا چین کا سفر کر سکیں گے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق ان ممالک کے ”عام پاسپورٹ ہولڈرز 30 روز تک کاروبار، سیاحت، رشتہ داروں سے ملاقات، تبادلہ جات یا ٹرانزٹ کے مقصد سے بغیر ویزاچین میں داخل ہو سکیں گے۔” بیان میں مزید کہا گیا کہ اس پالیسی کا مقصد چین اور دیگر ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں اور تعاون کو مزید آسان بنانا ہے۔




