قاہرہ(پاکستان نیوز) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں امن کا حصول کے لیے صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کو بہتر جگہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں امن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج عصرِ حاضر کا عظیم دن ہے کیونکہ امن کا حصول ممکن ہوا ہے اور اس کے لیے انتھک کوششیں کی گئیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کوششوں کی قیادت صدر ٹرمپ نے کی جو حقیقی طور پر امن کی شخصیت ہیں۔ اور جو حالیہ عرصے میں امن کے لیے مسلسل کوشاں رہے۔ وہ دن رات اس دنیا کو امن اور استحکام کے ساتھ رہنے کی جگہ بنانے کے لیے سرگرم رہے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے میرے فیورٹ فیلڈ مارشل یہاں نہیں آسکے مگر وزیراعظم یہاں ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین پیر کو یہاں غزہ میں جنگ بندی کے لیے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم اور صدر ٹرمپ کے مابین گرمجوشی سے مصافحہ اور خوشگوار ماحول میں جملوں کا تبادلہ ہوا۔











