بسنت ؛118حادثات، 6اموات رپورٹ

0
8

لاہور(پاکستان نیوز) بسنت کے باعث 118 حادثات، 6 اموات ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق برسوں بعد لاہور میں بسنت کا قانونی طور پر انعقاد ہوا، صوبائی حکومت کی جانب سے شہر میں 3 دن کیلئے پتنگ بازی کی اجازت دی گئی۔ لاہور میں بسنت کے 3 ایام کے دوران درجنوں مختلف حادثات پیش آئے، صرف تیسرے روز 3 اموات ہوئیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں بسنت کے باعث مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے حادثات کی تعداد 118 رہی، جبکہ بسنت کے باعث 6 افراد حادثات کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے۔ سب سے زیادہ اموات بسنت کے تیسرے روز ہوئیں۔ بسنت کے تیسرے روز مختلف حادثات میں صحافی سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ، دو افراد چھتوں سے گر کر جبکہ ایک پتنگ لوٹتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ باغبانپورہ کے علاقے اقبال کالونی میں پتنگ لوٹتے ہوئے 32 سالہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ۔ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان کے مطابق32 سالہ سلیمان پتنگ لوٹتے ہوئے دھاتی تار کی وجہ سے کرنٹ لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا،پولیس کی ضروری کاروائی کے بعد لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ لاہور کے علاقے ساندہ کا رہائشی صحافی زین ملک چھت سے گرکر جاں بحق ہوگیا،صحافی زین ملک کو زخمی حالت میں میاں منشی ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے ۔زین ملک نے لاہور کے مختلف ٹی وی چینلز پر بطور رپورٹر کام کیا اور ان دنوں بھی ایک ٹی وی چینل میں فرائض سر انجام دے رہے تھے۔لوئر مال کے علاقہ بلال گنج میں پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر کر 16 سالہ نوجوان جان بحق ہو گیا۔ ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان کے مطابق 16سالہ عبد اللہ پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گرکر شدیدزخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی سیالکوٹ سے بسنت منانے لاہور آیا ہوا تھا۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here