واشنگٹن (پاکستان نیوز)ایران کیخلاف فوجی کارروائی سے دوری اختیار کرنیوالے برطانیہ جیسے ممالک کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سخت اور جارحانہ پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران کا حل تجویز کرتے ہوئے ان ممالک کو اپنی مدد آپ کے تحت تیل حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ان ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ممالک آبنائے ہرمز کی وجہ سے جہازوں کے ایندھن کی کمی کا شکار ہیں وہ اب امریکہ سے تیل خریدیں کیونکہ امریکہ کے پاس وافر ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے برطانوی رویے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جن ممالک نے ایران کی قیادت کے خلاف کارروائی میں امریکہ کا ساتھ نہیں دیا، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ تھوڑی ہمت دکھائیں اور خود آبنائے ہرمز جا کر اپنے حصے کا تیل چھین لیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اب مکمل طور پر کمزور ہو چکا ہے اور اصل مشکل کام امریکہ پہلے ہی مکمل کر چکا ہے، لہذا اب ان ممالک کو خود لڑنا سیکھنا ہوگا کیونکہ امریکہ اب ان کی مدد کے لیے موجود نہیں رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح ان ممالک نے مشکل وقت میں امریکہ کا ساتھ نہیں دیا، اسی طرح اب امریکہ بھی ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے میدان میں نہیں آئے گا۔ ان کا یہ بیان عالمی سطح پر دفاعی اور اقتصادی تعلقات میں آنے والی ممکنہ تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے جس میں اب اتحادیوں کو اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے خود جنگی محاذ سنبھالنے کی ترغیب دی گئی ہے۔











