ٹورنٹو (پاکستان نیوز)کینیڈا کی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورک فور برادرز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا ہے جس کے نتیجے میں سترہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ نیٹ ورک پیل ریجن، کینیڈا کے دیگر حصوں اور امریکہ میں جنوبی ایشیائی کاروباری مالکان اور کمیونٹی ارکان کو ڈرانے دھمکانے، بھتہ خوری اور پرتشدد حملوں کا نشانہ بنا رہا تھا۔ اس مشترکہ کارروائی میں کینیڈین پولیس کے ساتھ ساتھ اونٹاریو پروونشل پولیس، کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی، ایف بی آئی اور فن ٹریک شامل تھے۔ تفصیلات کے مطابق یہ تحقیقات دسمبر 2025 میں شروع ہوئیں جب کئی ریستورانوں اور ٹرکنگ کمپنیوں کو بار بار نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان نے رقم نہ دینے پر کالیڈن اور بریمپٹن میں فائرنگ اور آتش زنی کی وارداتیں کیں۔ مجموعی طور پر یہ ملزمان چوبیس مختلف واقعات میں ملوث ہیں، جن میں سے سولہ پرتشدد واقعات کا تعلق براہ راست اسی گروہ سے ہے جہاں فائرنگ کے دوران 324 گولیاں چلائی گئیں۔ اپریل 2026 میں کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بریمپٹن، سرے اور کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے سترہ مردوں کو گرفتار کر کے ان پر 106 مجرمانہ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس نے چھ ہتھیار، منشیات، موبائل فون اور جعلی شناختی کارڈز بھی ضبط کیے ہیں۔ گرفتار افراد میں سے کئی کو کینیڈا سے بیدخلی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ امیگریشن حکام کے مطابق اس سلسلے میں اب تک 446 تحقیقات شروع کی جا چکی ہیں اور 55 افراد کو ملک بدر بھی کیا جا چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک مقامی سطح تک محدود نہیں بلکہ بین الاقوامی روابط رکھتا ہے اور کمیونٹی کے تحفظ کے لیے مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔










