نیویارک (پاکستان نیوز)بروکلین میں ایک چونکا دینے والے واقعے کے بعد مقامی عدالت نے ساٹھ سالہ مالک مکان رفیق الاسلام کو دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ بروکلین کے ڈسٹرکٹ اٹارنی نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے سائپرس ہلز میں واقع اپنی ہی دو منزلہ عمارت کو اس وقت آگ لگا دی جب اس کے اندر ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بشمول چھ معصوم بچے سو رہے تھے۔ تفتیش کے مطابق ملزم اور کرایہ داروں کے درمیان طویل عرصے سے کرائے کی عدم ادائیگی پر تنازع چل رہا تھا اور ملزم نے اس سے قبل خاندان کو عمارت جلانے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔ یہ دردناک واقعہ ستمبر 2023 میں پیش آیا جب صبح سویرے دوسری منزل پر موجود ایک کرایہ دار نے دھوئیں اور آگ کی بو محسوس کی۔ جب وہ باہر نکلا تو عمارت کی واحد سیڑھی شعلوں کی لپیٹ میں تھی۔ عمارت پرانی طرز کی بنی ہوئی تھی جس میں ہنگامی نکاس کا کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ مجبوری میں والدین نے اپنے ایک سے آٹھ سال کے چھ بچوں کو پچھلی کھڑکی سے بیس فٹ نیچے کھڑے پڑوسیوں کی گود میں پھینکا اور پھر خود بھی نیچے چھلانگ لگا دی۔ فائر بریگیڈ کے پچپن اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ خاندان کو معمولی زخموں اور دھوئیں کے اثرات کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سرکاری حکام نے تفتیش کے دوران جائے وقوعہ کے قریب نصب خفیہ کیمروں کی ویڈیوز حاصل کیں جن میں ملزم کو بالٹی اور تھیلا لے کر عمارت کی طرف جاتے اور پھر وہاں سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ گواہوں نے بھی ملزم کی شناخت کی جس کے بعد پولیس نے اسے اکتوبر 2023 میں گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ کرائے کی عدم ادائیگی اور مکان خالی نہ کرنے پر شدید غصے میں تھا۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملزم نے معمولی مالی تنازع کو ایک ہولناک تشدد میں بدل دیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدولت اسے برادری کو صدمہ پہنچانے کے جرم میں سخت سزا دے دی گئی ہے۔











