250 سالہ جشنِ آزادی، تاریخ، تہذیب اور تسلسل کی داستان!!!

0
9

وقت کا دریا ہمیشہ رواں رہتا ہے، مگر اس کے کچھ موڑ ایسے ہوتے ہیں جہاں تاریخ ٹھہر کر خود کو دیکھتی ہے۔ یہ وہ لمحے ہوتے ہیں جو محض تاریخ کی کتابوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ قوموں کی اجتماعی یادداشت میں نقش ہو جاتے ہیں۔ 4 جولائی 2026 بھی ایسا ہی ایک لمحہ تھا، جب ریاستہائے متحدہ امریکہ نے اعلانِ آزادی کے ڈھائی سو برس مکمل ہونے کا جشن منایا۔ یہ ایک ایسا سنگِ میل ہے جس نے ماضی، حال اور مستقبل کو ایک ہی دھاگے میں پرو دیا ہے۔ 1776 میں جب تیرہ نوآبادیاتی ریاستوں کے نمائندوں نے اعلانِ آزادی پر دستخط کیے، تو یہ صرف ایک سیاسی دستاویز نہ تھی بلکہ ایک فکری انقلاب کا آغاز تھا۔ اس اعلان نے بادشاہت کے مقابلے میں عوامی حاکمیت، فرد کی آزادی اور جمہوری اصولوں کی بنیاد رکھی۔ ڈھائی صدیوں کے اس طویل سفر میں امریکہ نے خانہ جنگی، معاشی بحرانوں، عالمی جنگوں اور سماجی تحریکوں کے مشکل مراحل طے کرتے ہوئے خود کو ایک مضبوط وفاقی ریاست، متحرک معیشت اور کثیرالثقافتی معاشرے کے طور پر منوایا۔
4 جولائی 2026 کی تقریبات اس تاریخی سفر کا ایک جاندار عکس تھیں۔ واشنگٹن ڈی سی کا نیشنل مال اس جشن کا مرکزی محور بنا، جہاں اندازاً 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ یہاں ہونے والی تقریبات میں تاریخی نمائشیں، لائیو پرفارمنسز، اور ریکارڈ توڑ آتش بازی شامل تھی جس میں ہزاروں فائر ورک شیلز استعمال کیے گئے۔ اسی طرح نیویارک شہر میں منعقد ہونے والی بحری پریڈ میں 20 سے زائد ممالک کے جنگی اور نمائشی جہاز شریک ہوئے، جبکہ مجسم? آزادی اس عالمی منظر کا علامتی مرکز بنا رہا۔ فلاڈیلفیا، جہاں اعلانِ آزادی پر دستخط ہوئے تھے، اس موقع پر خصوصی توجہ کا مرکز رہا اور وہاں ڈیکلیریشن ڈیز کے عنوان سے ہونے والی تقریبات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس کے ساتھ ہی نیویارک، بوسٹن، شکاگو، لاس اینجلس سمیت ہر ریاست اور بڑے شہروں میں بھی بیک وقت سینکڑوں تقاریب منعقد ہوئیں۔ مجموعی طور پر اندازہ ہے کہ پورے ملک میں 5,000 سے زائد سرکاری و نجی تقریبات ہوئیں جن میں کروڑوں افراد نے کسی نہ کسی صورت شرکت کی۔
حکومتی سطح پر اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ اس سلسلے میں خصوصی یادگاری سکے جاری کیے گئے جن پر 1776 کے تاریخی مناظر اور بانیانِ امریکہ کی تصاویر کندہ تھیں۔ اسی طرح امریکی ڈاک سروس نے خصوصی ٹکٹ جاری کیے جو اس تاریخی سنگِ میل کی علامت بنے۔ تعلیمی اداروں میں بھی ہزاروں لیکچرز، سیمینارز اور نمائشوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ نئی نسل کو اس تاریخ کے فکری اور سماجی پس منظر سے روشناس کرایا جا سکے۔ تاہم اس جشن کی ایک نمایاں خصوصیت اس کی ہمہ گیری اور تنوع تھا۔ امریکہ کی مختلف نسلی، ثقافتی اور مذہبی کمیونٹیز نے اس میں بھرپور شرکت کی۔ پاکستانی نڑاد امریکیوں نے بھی نیویارک، نیو جرسی، ہیوسٹن اور کیلیفورنیا سمیت کئی شہروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا، جہاں روایتی لباس، موسیقی اور کھانوں کے ذریعے اپنی شناخت کو اس قومی جشن کا حصہ بنایا گیا۔ یہ منظر اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ امریکہ کی طاقت اس کے تنوع میں پوشیدہ ہے۔
اگرچہ مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید گرمی تھی جہاں درجہ حرارت بعض مقامات پر 100 فارن ہائیٹ یعنی تقریباً 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا اور بعض شہروں میں طوفانی بارشوں نے چند تقریبات کو متاثر بھی کیا، مگر مجموعی طور پر قومی جوش و خروش میں کوئی کمی نہ آئی۔ یہ ڈھائی سو سالہ سفر محض ماضی کی داستان نہیں بلکہ ایک مسلسل ارتقائی عمل ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومیں صرف واقعات سے نہیں بنتیں، بلکہ ان اصولوں، جدوجہد اور اجتماعی شعور سے تشکیل پاتی ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوتے ہیں۔ امریکہ کا یہ جشن اسی تسلسل کا اظہار تھا، یعنی ایک ایسی داستان جو ابھی مکمل نہیں ہوئی بلکہ ہر نئے دن کے ساتھ ایک نیا باب رقم کر رہی ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here