ٹرمپ کا ایران سے ہلاک /زخمی ہونیوالوں کو معاوضہ ادا کرنیکا مطالبہ

0
6

نیویارک (پاکستان نیوز)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گذشتہ دہائیوں کے دوران مختلف تنازعات، سڑک کے کنارے نصب بم دھماکوں اور پرتشدد واقعات میں ہلاک یا شدید زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں کہا کہ ایران گذشتہ 5 ماہ کے دوران ہونے والے نقصانات کے تاوان کا تقاضا کر رہا ہے، جس کے جواب میں انہوں نے بھی ایران سے ان تمام انسانوں کا معاوضہ مانگ لیا ہے جنہیں اس کی کارروائیوں کے سبب نقصان پہنچا۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے 2000 میں امریکی جنگی بحری جہاز یو ایس ایس کول پر ہونے والے حملے کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ایران یا اس کی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہوں کی مبینہ کارروائیاں کئی دہائیوں پر محیط ہیں، لہٰذا ان مظالم کے پیش نظر تہران کو تاوان ادا کرنا چاہیے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ معاوضہ ان لاکھوں بے گناہ مظاہرین کے خاندانوں کو بھی ملنا چاہیے جنہیں ایران نے گذشتہ 50 برسوں کے دوران اور خاص طور پر حالیہ 5 ماہ میں ہلاک کیا۔ انہوں نے اپنے نمائندوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ تہران کے ساتھ آئندہ ہونے والے تمام مذاکرات میں اس مطالبے کو لازمی طور پر شامل کریں۔ یہ صورتحال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تہران نے آبنائے ہرمز کے کھولے جانے کو امریکی محاصرے کے خاتمے اور جنگی معاوضے کی ادائیگی سے مشروط کیا ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے سامنے آنے والا یہ نیا موقف ایران کے خلاف شدید فوجی حملوں کے بجائے معاشی اور سیاسی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here