نیو یارک (پاکستان نیوز)شہر کے محکمہ صحت نے خودکشی کی روک تھام کے عالمی مہینے کی مناسبت سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے شہریوں کو اپنی ذہنی صحت کی دیکھ بھال اور ہنگامی مدد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں 601 افراد کی خودکشی کے بعد سال 2024 میں یہ تعداد کم ہو کر 535 رہ گئی ہے، تاہم یہ شرح اب بھی تشویشناک حد تک بلند ہے۔ نیو یارک میں خودکشی کے واقعات قومی اوسط سے کم ہیں لیکن اس کے باوجود ہر سال سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ تازہ ارقام و شمار سے جنس، عمر اور نسل کے لحاظ سے نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ سال 2024 کے دوران مین ہٹن کے رہائشیوں میں خودکشی کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ شہر بھر میں مردوں کی خودکشی کی شرح خواتین کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ گندمی اور سفید فام مردوں میں دیگر نسلی گروہوں کی نسبت خودکشی کا تناسب زیادہ رہا، جبکہ 2015 سے 2024 کے درمیان گندمی فام مردوں کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا۔ نوجوانوں میں یہ مسئلہ خصوصاً شدید ہے، جہاں 18 سے 24 سال کے افراد میں خودکشی کی شرح سب سے زیادہ پائی گئی۔ سال 2023 کے جائزوں سے معلوم ہوا کہ 35 فیصد ہائی اسکول طلبہ مسلسل اداسی کا شکار رہتے ہیں۔ شہر کا محکمہ صحت اس سلسلے میں مختلف پروگرام، تربیتی ورکشاپس اور مفت ہنگامی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ شہری کسی بھی وقت 988 پر کال یا پیغام بھیج کر مفت اور بااعتماد ذہنی امداد حاصل کر سکتے ہیں۔












