سعودیہ کا نیا دفاعی سفر ، امریکہ کیلئے خطرے کی گھنٹی !!!

0
15

مشرقِ وسطیٰ اور خلیج کی سیاست ایک بار پھر فیصلہ کن موڑ پر کھڑی نظر آتی ہے اور حالیہ جنگ نے ریاض اور واشنگٹن کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی پرانی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ماضی میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان روابط کی تاریخ محض تیل کی خرید و فروخت تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ ایک ایسے پیچیدہ اور مربوط نظام کا حصہ تھی جس میں خام تیل کی دولت، امریکی ڈالر، سرمایہ کاری، اسلحے کی فراہمی اور علاقائی تحفظ کی ضمانت شامل تھی۔ 1933 میں تیل کی تلاش کے اختیار اور 1938 میں تجارتی پیمانے پر تیل نکلنے کے آغاز کے بعد سے امریکی کمپنیوں نے سعودی توانائی کے شعبے کو شکل دینے میں مرکزی کردار ادا کیا اور بعد ازاں 1945 میں ہونے والی تاریخی ملاقات نے اس شراکت کو ایک اسٹریٹجک سمت عطا کی۔ تقریباً 8 دہائیوں تک یہ تاثر قائم رہا کہ خلیج میں سیکیورٹی کا مرکزی ستون امریکا ہے اور ریاض اپنے تحفظ کے لیے واشنگٹن پر بھروسہ کر سکتا ہے، تاہم حالیہ عسکری کشیدگی اور جنگ نے اس انحصار کی تلخ حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
جب حوثی حملوں اور خطے کی کشیدگی نے بحیرہ احمر کے ساحلی راستوں، توانائی کی برآمدات، بندرگاہوں اور بنیادی تنصیبات کو خطرے میں ڈالا تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آئی کہ بحران کے نازک لمحات میں امریکا کی ترجیحات اور سعودی عرب کی ترجیحات ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ واشنگٹن اپنے داخلی سیاسی حساب کتاب، عالمی مفادات، عسکری نقصانات اور دیگر محاذوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرتا ہے، جس کے باعث کسی نازک موقع پر براہِ راست عسکری مداخلت سے گریز بھی کیا جا سکتا ہے۔ ریاض کی قیادت کے لیے یہ صورتحال محض کسی ایک تنصیب یا علاقے کے دفاع کا معاملہ نہیں بلکہ مملکت کے استحکام، شاہی اقتدار کے تسلسل اور ان معاشی اصلاحات کی بقا کا سوال ہے جو ویژن 2030 کے تحت آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ اگر برآمدات کے راستے متاثر ہوں، دفاعی ذخائر تیزی سے کم ہوں اور بیرونی حلیف وقتِ ضرورت پیچھے ہٹ جائیں تو ورے معاشی تبدیلی کے منصوبے کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی نئی دفاعی حکمتِ عملی کا ایک نہایت اہم پہلو دفاعی ذخائر کی تیاری اور صنعتی صلاحیت کی کمی سے جڑا ہے۔ ریاض نے امریکا سے 730 پیٹریاٹ میزائلوں کے حصول کے لیے 9 ارب ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا ہے، مگر ان کی تیاری اور فراہمی میں 2 سے 2.5 سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب جنگی حالات میں دفاعی ذخائر پر غیر معمولی دباؤ پڑا اور ایک اندازے کے مطابق اس سال جولائی تک سعودی عرب کے 86 فیصد انٹرسیپٹر میزائل استعمال ہو چکے تھے۔ لانچرز اور دفاعی نظام کا موجود ہونا الگ بات ہے، جبکہ درست وقت پر میزائلوں، ریڈار اور کمانڈ نظام کی ہم آہنگی ہی اصل دفاعی طاقت بنتی ہے۔ چونکہ دنیا کے 19 ممالک پیٹریاٹ نظام استعمال کرتے ہیں اور امریکی دفاعی صنعت پر پہلے ہی عالمی طلب اور اندرونی آرڈرز کا دباؤ موجود ہے، اس لیے محض رقم ادا کر دینے سے فوری طور پر لامحدود اسلحہ حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔
اسی محدود فراہمی اور فوری ضروریات کے پیشِ نظر ریاض نے اپنے دفاعی شراکت داروں کا دائرہ وسیع کرنا شروع کر دیا ہے۔ جنوبی کوریا کے ساتھ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا دفاعی معاہدہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد اضافی دفاعی پرت بنانا اور سپلائی چین کو متنوع کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یوکرین کے ساتھ ڈرون شکن ٹیکنالوجی کے تجربات بھی سامنے آئے ہیں، جن میں اسکائی فال کمپنی کے نظام کی آزمائش شامل ہے، تاکہ مہنگے میزائلوں کے ساتھ ساتھ کم لاگت اور فوری طور پر دستیاب حل بھی اختیار کیے جا سکیں۔ مزید برآں پاکستان اور ترکی کے ساتھ دفاعی اشتراک کو بھی نئی اہمیت ملی ہے، کیونکہ علاقائی شراکت داروں کے مفادات براہِ راست خلیج کے استحکام سے جڑے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ریاض کے قریب مقامی دفاعی کارخانوں، ڈرونز کی تیاری، مرمت، پرزہ جات اور تربیت کے ذریعے خود انحصاری بڑھانے کی کوششیں بھی تیز کی جا رہی ہیں تاکہ بیرونی سپلائی چین پر انحصار کم ہو سکے۔
واشنگٹن کے نقطہ نظر سے ریاض کا یہ بدلتا ہوا رخ کئی سطحوں پر حساسیت پیدا کرتا ہے۔ سعودی عرب امریکی اسلحہ برآمدات کے ایک بڑے حصے کا خریدار رہا ہے اور خلیج میں امریکی اثر و نفوذ کا مرکزی محور بھی سمجھا جاتا رہا ہے۔ اگر ریاض دفاعی معاملات میں متبادل راستے اختیار کرتا ہے تو اس کا اثر نہ صرف امریکی دفاعی صنعت اور اسٹریٹجک گرفت پر پڑ سکتا ہے بلکہ خطے کی دیگر خلیجی ریاستوں تک بھی یہ پیغام پہنچ سکتا ہے کہ سیکیورٹی کے لیے صرف ایک ہی دروازہ کافی نہیں۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ امریکا کے ساتھ اتحاد راتوں رات ختم ہو جائے گا یا تمام امریکی نظام اور فوجی موجودگی فوراً سمٹ جائے گی۔ اصل تبدیلی یہ ہے کہ سعودی عرب امریکا کو مکمل طور پر چھوڑنے کے بجائے اپنی بقا اور تحفظ کو صرف واشنگٹن کی منظوری یا فیصلوں تک محدود نہیں رکھنا چاہتا۔ آنے والے برسوں میں خلیج کا دفاعی منظرنامہ اسی کشمکش اور نئی توازن سازی کے ذریعے تشکیل پائے گا، جہاں خود انحصاری اور کثیرالجہتی شراکت داری نئی پہچان بن رہی ہے۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here