گزشتہ ہفتے نیویارک لانگ آئی لینڈ کے نو منتخب اراکین کانگریس، ریاستی سینیٹرز، ریاستی اسمبلی اراکین، ٹاؤن سپروائزرز اور دیگر عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ دو تقاریب میں شرکت کا موقع ملا۔ ان تقاریب کے انعقاد کا مقصد ان نو منتخب اراکین کی جانب سے پاکستانی نڑاد امریکی برادری کی انتخابی کاوشوں پر اظہار تشکر کرنا تھا۔
20 نومبر کو PATHکے زیر اہتمام چاندنی ریسٹورنٹ، ایلمونٹ میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس کے میزبان نیوز پاکستان کے ناشر مجیب لودھی تھے۔ اس تقریب میں نو منتخب مقامی ٹاؤن سپروائزر، اسمبلی اراکین، ریاستی سینیٹرز اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور پاکستانی برادری کی بھرپور حمایت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس کے اگلے ہی روز، بروز ہفتہ پاکستانی برادری کی معروف تنظیم اپاک کے زیر اہتمام میریٹ ہوٹل میں ایک اور بڑی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اراکین کانگریس، ریاستی سینیٹرز اور اسمبلی اراکین نے شرکت کی۔ مقررین نے برادری کے رہنماؤں اور اراکین کی خدمات کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ انتخابی کامیابی ممکن نہ تھی۔ پاکستانی برادری کا اس طرح اجتماعی طور پر شکریہ ادا کیا جانا ایک خوش آئند روایت ہے۔
اس صورتحال سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد سیاست میں ایک نئے احتسابی اور انقلابی عمل کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت منتخب نمائندے عوام کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔ اس عملی تبدیلی کی ابتدا نیویارک شہر کے میئر ممدانی کر چکے ہیں، جو بلا تفریق عام شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ماضی میں عوامی مشکلات سے جو چشم پوشی کی گئی، اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج 40 ہزار ڈالر سالانہ کمانے والا شخص بھی اپنے گھر کا کرایہ ادا کرنے سے قاصر ہے۔ ہر طرف مہنگائی کا دور دورہ ہے اور اشیائے خوردونوش سمیت ضروریات زندگی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ اسی تناظر میں وسط مدتی انتخابات درحقیقت عوامی نمائندوں کے لیے ایک کڑا احتسابی امتحان ثابت ہوئے ہیں، جس کے دور رس نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔
اگر 75 ہزار ڈالر فی کس سالانہ آمدن رکھنے والے پاکستانی نڑاد امریکی شہری معاشی دباؤ کا شکار ہیں، تو 30 ہزار ڈالر سے کم کمانے والے سیاہ فام اور لاطینی محنت کشوں کی حالت زار کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ میں غربت کی شرح روز بروز بڑھ رہی ہے۔ تاہم، ان انتخابات کے بعد احتساب اور تبدیلی کی جو لہر اٹھی ہے، وہ عوامی امنگوں کی ترجمان بنتی جا رہی ہے۔ آج پورے ملک میں اجارہ دارانہ سرمایہ داری کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند ہو رہی ہے، جو آئندہ انتخابات میں ایک ٹھوس حقیقت بن کر سامنے آئے گی۔
مغرب سے طلوع ہونے والی اس تبدیلی کی روشنی یقینی طور پر مشرق تک بھی پہنچے گی، اور ترقی پذیر ممالک خصوصاً ایشیا کے خطے بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ پاکستان جیسے ممالک، جہاں جاگیرداری، اجارہ داری، رسہ گیری اور گماشتہ سرمایہ داری کا نظام جڑیں پکڑ چکا ہے، وہاں عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے انہیں نسلی، لسانی اور مذہبی گروہوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ آج صوبائیت کے نئے شوشے بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں تاکہ عوام کے اصل استحصال کنندگان محفوظ رہ سکیں۔ اس فرسودہ نظام کا خاتمہ صرف اور صرف امریکہ جیسی قابل برداشت معیشت، کڑے احتساب اور مساوی حقوق کی منظم عوامی تحریک کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

![2021-04-23 18_32_09-InPage - [EDITORIAL-1-16] رمضان رانا](https://weeklynewspakistan.com/wp-content/uploads/2021/04/2021-04-23-18_32_09-InPage-EDITORIAL-1-16.png)









